اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاق نے 75 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی تک کے الیکٹرک کو گیس دینے سے انکار کر دیا۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس احمد خا ن لغاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر دھرنا دینے کے بجائے بجلی چوری روکنے کے اقدامات کریں۔
کراچی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اجلاس کے بعد وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ میں بجلی چوری سے کراچی کے عوام کی زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔ ہم سندھ حکومت کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے ، اجلاس میں بہت سے معاملات سامنے آئے لیکن اس بحران کے حل کے لیے سندھ حکومت کو پہل کر نا ہو گی۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ وزارت خزانہ کی نگرانی میں سندھ حکومت، پٹرولیم ڈویژن، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کا معاملہ حل کرائیں گے، سندھ حکومت کو معاہدے کرنے ہوں گے، اس کے بعد کے الیکٹرک کو گیس نہیں دی جاسکتی۔ اپنے سسٹم سے کراچی کے عوام کے لیے کے الیکٹرک کو بجلی دے رہے ہیں۔