فرائض میں غفلت ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور معطل

Last Updated On 22 April,2018 06:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب میں خود احتسابی کا عمل بھی موثر انداز میں جاری ہے۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کو معطل کر دیا گیا۔ اب تک 23 ملازمین نوکری سے نکالے جا چکے ہیں۔

احتساب سب کے لیے کے ساتھ ساتھ نیب خود احتسابی کی راہ پر، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سستی کاہلی اور غفلت برتنے پر معطل، اب تک 23 افسر نوکری سے فارغ، چیئرمین نیب بدعنوانی کے بلا امتیازخاتمے کے لیے پرعزم

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر فرائض میں غفلت برتنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور رمضان کو معطل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی جبکہ معطل ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر کاشف ممتاز گوندل کے خلاف بھی انکوائری کی جا رہی ہے۔

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کے 85 افسران و عملہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان میں سے 23 کو برطرف جبکہ 32 کو سزائیں ملیں۔ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ احتساب سب کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اپنی خود احتسابی کا عمل موثر ہو۔