وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی کراچی آمد کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے،
کراچی (دنیا نیوز ) کراچی آمد کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف نے فیصلہ کیا تھا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کر کے امن یقینی بنایا جائے گا ، آج اللہ کے کرم سے اس شہر میں امن قائم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہادر آباد میں ہونے والی ملاقات انتہائی مفید رہی اور اس میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی ۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں کے الیکٹرک قصور وار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ رینجرز کی آمد کے بعد کراچی میں امن قائم ہوا ،
جرائم اور بھتہ خوری کی تعداد میں کمی ہوئی، یہ وہ شہر ہے جس نے ماں کی طرح دوسرے شہروں سے آنے والوں کو اپنی آغوش میں لیا ، آج ضرورت ہے کہ لوگوں کو معاشی انصاف فراہم کیا جائے۔