لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ اقبال سکینڈل میں وزیرِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نیب کے سامنے پیش ہو گئے۔ نیب نے فواد حسن فواد کو 8 مئی تک جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنےکی ہدایت کر دی۔
فواد حسن فواد آشیانہ اقبال کیس میں نیب کی مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوئے۔ وزیرِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری ایک گھنٹہ تک نیب آفس لاہور میں موجود رہے۔ نیب حکام نے فواد حسن فواد سے دیئے گئے سوالنامہ پر تفتیش کی۔
فواد حسن فواد پر آشیانہ اقبال پراجیکٹ میں اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے جن کی انہوں نے تردید کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام فواد حسن فواد کے جوابات سے مطمئن نہیں ہیں۔ نیب حکام نے فواد حسن فواد کو 8 مئی تک اپنی جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔