اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بظاہر ابھرتا ہوا بھارت درحقیقت جعلی انڈیا ہے۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کے ریاستی تشدد، اسلحہ کی دوڑ اور بھوک سے صرفِ نظر کر رہی ہے۔
وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارتی عوام بھوکے لیکن مودی حکومت اسلحے کے انبار لگا رہی ہے۔ دنیا بھارت میں اپنے ہتھیار فروخت کرنے آئے گی۔ دنیا کی بڑی طاقتوں کے وزرائے اعظم اور صدر بھارت اسی لئے جاتے ہیں، انھیں بھارتی کھانوں کا شوق بھارت نہیں لے جاتا۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتیں، بچے اور عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں۔ کسی بھی ملک کی اقدار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے، یہ جتنا پاکستان کے لیے اہم ہے اتنا ہی بھارت کیلئے بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نہ صرف کشمیر میں لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ کئی دوسری بھارتی ریاستوں میں بھی کئی دہائیوں سے بغاوتوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی حکومت ان کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کی فوجیں پہلے جنگ کے زمانے میں پاکستانی سرحد پر آتی تھیں، اب ہر وقت وہیں رہتی ہیں۔ اس کشیدگی کے پیچھے بھارت کے مذموم مقاصد ہیں۔