کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا سامنا منتخب جمہوری حکومت ہی کر سکتی ہے۔ اگر ملک میں جمہوری حکومت نا ہوتی تو اتنی ترقی نہیں ہو سکتی تھی۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے ساتھ جڑی ہے۔ موجودہ حکومت نے شہرِ قائد کی روشنیاں بحال کیں۔ کراچی آپریشن کے بعد سٹریٹ کرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے جمہوری نظام کا تسلسل ناگزیر ہے۔ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس کا سامنا منتخب جمہوری حکومت ہی کر سکتی ہے۔ اگر ملک میں جمہوری حکومت نا ہوتی تو اتنی ترقی نہیں ہو سکتی تھی۔ ہم نے ثابت کیا کہ جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت نے بہت سے ترقیاتی کام کیے۔