اسلام آباد (دنیا نیوز ) چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے عمران خان ہمارا لاڈلا نہیں، اس حوالے سے بیان بازی درست نہیں، بلائیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو ، انہیں ان کا بیان دکھاتے ہیں۔ عدالت نے کورنگ نالے پر تجاوزات کا معاملہ وفاقی محتسب کو بھجواتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ۔
سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس وفاقی وزرا کے عمران خان کو عدالت کا لاڈلا قرار دینے کے بیانات پر شدید برہم ہوئے۔ وفاقی وزیر کیڈ نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ناجائز تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ حکومت نے کیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری سے کہا تجاوزات کے خلاف کارروائی حکومت نے کرنا ہوتی ہے، حکومت خود کچھ نہ کرے تو ہم کیا کرسکتے ہیں ، بار بار یہ تاثر کیوں دیا جا رہا ہے کہ عدالت عمران خان سے خاص سلوک کر رہی ہے ، ہم نےکہاں انہیں لاڈلا بنایا ؟ بلائیں وزیر اطلاعات کو، انہیں ان کا بیان دکھاتےہیں، وضاحت دیں ورنہ کارروائی کریں گے ، بتائیے کہ تعمیرات ریگولر کرنے کا فیصلہ کس کا تھا ۔
طارق فضل چوہدری نے اعتراف کیا کہ عدالت نےبنی گالا تعمیرات ریگولر کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا، یہ فیصلہ ہم نے کیا، عمران خان نے اپنے گھر کی جو دستاویزات جمع کرائیں ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ چیف جسٹس نے کہا ایسا ہے تو تحقیقات کرا لیں ، ریاست جو چاہے فیصلہ کرے ، جب تک پالیسی غیرمناسب نہ ہوئی مداخلت نہیں کریں گے۔