اختیارات کا ناجائز استعمال ، نواز شریف نیب طلب

Last Updated On 13 May,2018 02:09 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز ) اختیارات کا ناجائز استعمال، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نیب نے 20 مئی کو طلب کر لیا۔ نواز شریف کو ذاتی فائدے کے لئے رائیونڈ روڑ تا جاتی عمرہ سڑک بنانے کا الزام ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، ادھر نیب نے غیر قانونی طور پر رائیونڈ روڈ تعمیر کروانے پر تحقیقات تیز کر دیں۔ نیب لاہور نے رائے ونڈ روڈ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں بلا لیا۔

میاں نواز شریف کو رائے روڈ کی تعمیر میں ضلع کونسل کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ نواز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ نواز شریف نے اپنے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لیے اڈا پلاٹ سے جاتی امراء تک ذاتی فوائد کے لیے سڑک بنوائی۔

نواز شریف کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے منصوبہ کی مجموعی لاگت بڑھی۔ نواز شریف کے حکم پر عوامی منصوبہ بند کرنے سے عوام کا نقصان ہوا۔ اس کیس میں نیب نے پہلے بھی 21 اپریل کو نواز شریف کو طلب کیا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث نیب آفس پیش نہ ہوئے۔