عام انتخابات: نامزدگی فارمز کی چھپائی مکمل، اہم معلومات کے کالم غائب

Last Updated On 23 May,2018 03:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارکان پارلیمنٹ نے نامزدگی فارم تبدیل کر کے الیکشن کمیشن کے ہاتھ باندھ دیئے۔ آئندہ عام انتخابات میں امیدوار کو آمدن، قرضوں، ٹیکس، بیرون ملک سفر اور اقامہ سمیت اہم معلومات نہیں دینا پڑیں گی۔

 آئندہ عام انتخابات کیلئے نامزدگی فارمز میں قرضوں، مقدمات، دوہری شہریت، تین سالہ ٹیکس کی معلومات کے کالم موجود نہیں۔ تعلیم ، پیشہ ، ڈیفالٹر کے کالم بھی غائب کر دیئے گئے۔ امیدوار غیرملکی دوروں کی تفصیلات اور اقامہ ظاہر کرنے کے بھی پابند نہیں رہے۔ نامزدگی فارم میں امیدوار صرف آرٹیکل 62، 63 پر پورا اترنے اور ختم نبوت پر ایمان رکھنے کا حلف نامہ دے گا۔

2013 کے انتخابات میں حکومتی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے نامزدگی فارم میں امیدوار سے اہم معلومات لینے کیلئے یہ سب کالم شامل کئے تھے۔ الیکشن ایکٹ 2017 میں ارکان پارلیمنٹ نے انتخابی قوانین میں دیگر تبدیلیوں کے ساتھ نامزدگی فارم بھی پہلی بار خود تیار کئے اور تمام کالم نکال دیئے۔