کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن سے پہلے متحدہ کے متحد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، فاروق ستار کو مائنس ٹیسوری کی شرط قبول، خالد مقبول کے پاس جانے پر بھی رضامند ہو گئے۔
عیدالفطر پر متحدہ قومی موومنٹ کے ایک بار پھر متحد ہونے کا امکان ہے، بہادر آباد نے بھی ڈاکٹر فاروق ستار، رہنماؤں اور کارکنوں کو واپسی پر خوش آمدید کہنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے رہنماؤں کو حتمی مشاورت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ پی آئی بی میں ہونے والے اجلاس میں بہادر آباد جانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنما علی رضا عابدی کا کہنا ہے کہ ہم سب پتنگ کے نشان سے الیکشن لڑیں گے۔
دوسری جانب کامران ٹسوری نے میٹھی عید پر قربانی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کہتے ہیں کہ فاروق ستار نے بہادر آباد کی جانب سے مائنس کامران ٹسوری واپسی کی شرط مان لی ہے، میری دعائیں ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنماؤں نے چار ماہ بعد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا کنوینئر ماننے کا اعلان کر دیا ہے۔