اسلام آباد ہائیکورٹ: زلفی بخاری کو نیب میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت

Last Updated On 21 June,2018 03:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دوست زلفی بخاری کو نیب میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے زلفی بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی نوٹس پر ایف آئی اے، وزارت داخلہ اور نیب کے نمائندے پیش عدالت میں پیش ہوئے، زلفی بخاری کی طرف سے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل دیتے ہوئے کہا میرے موکل برطانوی پاسپورٹ پر سفر کر رہے تھے۔ زلفی بخاری نے نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فون کسی نے نہیں کیا، ایئرپورٹ پر درخواست لکھ کر دی، میرا نام بلیک لسٹ میں تھا، ای سی ایل میں نہیں، نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کا کسی نوٹس کے ذریعے نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے، نیب کا احترام ہے، وکلا کی مشاورت سے چلوں گا، نیب بلانا چاہے تو جا کر اپنے بزنس کے بارے میں بتا سکتا ہوں۔