طلال چوہدری توہین عدالت کیس: کارروائی الیکشن کے بعد تک ملتوی کرنیکی استدعا مسترد

Last Updated On 21 June,2018 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کی توہین عدالت کیس کی کارروائی الیکشن کے بعد تک ملتوی کرنےکی استدعا مسترد کر دی تاہم انہیں آئندہ سماعت پر حاضری سے چھٹی دیدی۔

طلال چوہدری کےوکیل کامران مرتضی نے گذشتہ سماعت پر حاضر نہ ہونے پر معذرت کرتے ہوئے کہا عید تعطیلات کے باعث گواہ نہیں آ سکے، مناسب ہو گا کیس الیکشن کے بعد رکھ لیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا جو گواہ موجود ہے اس کا بیان ریکارڑ کر لیتے ہیں، باقی گواہ آئندہ ہفتے سماعت پر پیش ہوں۔

ڈی جی پیمرا محمد طاہر نے بتایا کہ توہین آمیز بیانات پر نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف شکایات موصول ہوئیں، طلال چوہدری کیخلاف کسی نے شکایت نہیں کی۔ طلال چوہدری نے جج صاحبان سے کہا انتخابی مہم میں مصروف ہوں، الیکشن کے بعد بیشک روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں، جسٹس گلزار احمد نے کہا آپ سیاستدان ہیں ایک وقت میں کئی کام کرنا آپ کے لئے مشکل نہیں، عدالت نے طلال چوہدری کو 28 جون کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے صفائی کے گواہوں کو طلب کر لیا۔