اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی ٹکٹ کے معاملے پر ن لیگ کے بعد تحریک انصاف کے دو بڑے دھڑے بھی آمنے سامنے ہیں۔ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین دبے لفظوں میں ایک دوسرے پر طنز کے تیر برسا رہے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا جہانگیر ترین کے ساتھ سرد جنگ سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، مقابلہ سیاست میں ہوتا ہے، جو شخص الیکشن نہیں لڑ سکتا اور کسی گیم میں شامل ہی نہیں اس سے مقابلہ بنتا ہی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہانگیر ترین گیم سے آؤٹ ہو چکے ہیں، ترین کھیل کا حصہ ہی نہیں ، تو ان سے کیوں لڑوں؟ ہمت ہے تو بنی گالہ میں دھرنا کرانے والے سامنے آئیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سنیئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ کسی کے خلاف بات کرنا پسند نہیں کرتے شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس نہیں دیکھی ، پریس کانفرنس دیکھ کر جواب دوں گا ، لیکن شاہ محمود قریشی وورکرز کے تحفظات دور کریں اور کسی پر الزام نا لگائیں۔
لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں عہدہ مل سکتا ہے نا ہی کوشش کر رہا ہوں، جماعت میں ایک وررکر کے طور پر کام کر رہا ہوں، خواتین کی مخصوص نششتوں پر جنوبی پنجاب کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے جس پر افسوس ہے ، شاہ محمود قریشی عون عباس جیسے نظریاتی کارکنوں کے تحفظات دور کریں، تحریک انصاف اپنے ووکرز کو کبھی نہیں بھولی ہمیں ٹکٹوں کی منصفانہ تقسیم کرنی چاہیئے تھی۔