اپوزیشن لیڈر: پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کی باضابطہ حمایت کر دی

Last Updated On 19 August,2018 07:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کیلئے شہباز شریف کی باضابطہ طور پر حمایت کر دی ہے۔

 

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں فاصلے سمٹنے لگے ہیں، پیپلز پارٹی نے قائدِ حزب اختلاف کیلئے میاں شہباز شریف کی باضابطہ حمایت کر دی ہے اور اس حوالے سے ایک خط سپیکر کے پاس جمع کروا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس خط کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف کے دستخط کے ساتھ جمع کروایا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعت کی حیثیت میں قائدِ حزب اختلاف کے عہدے پر ن لیگ کا حق ہے، پیپلز پارٹی قائدِ حزب اختلاف کی نامزدگی پر شہباز شریف کی حمایت کرتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں متحدہ اپوزیشن کی حمایت کی تھی اور ان کے امیدواروں وک ووٹ دیے تھے لیکن وزارتِ عظمی کے چناؤ میں پیپلز پارٹی نے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کسی بھی جماعت کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیرِاعظم کے انتخاب کے موقع پر آصف علی زرداری اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کیلئے ن لیگ سے مدد مانگ لی ہے، اس سلسلے میں ایاز صادق سے خورشید شاہ کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے اہم ملاقات کی ہے۔