مردان (دنیا نیوز ) مردان میں عید کے دن خون کی ہولی کھیلی گئی۔ قربانی کے دوران تکر ار پر 2 فریقوں کے درمیان خونریز تصادم میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعدعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
عید الاضحیٰ کے دن قربانی کا عظیم درس بھلا کر ایک دوسرے کے گھر ہی اجاڑ ڈالے۔ افسو س ناک واقعہ تھانہ طورو کے علاقہ ڈھکی میں پیش آیا جہاں غالب گروپ اور نوشیر گروپ کے درمیان جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے تکرار ہوگئی۔
بات بڑھی تو دونوں گروپوں نے اسلحہ اٹھالیا اور ایک دوسرے پر گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ سے نوشیر کے دو بیٹے بصیر اور محمد حسین جاں بحق جبکہ دوسرے گروپ سے راج ولی اورا س کا بھتیجا صابر زندگی کی بازی ہار گیا۔ بچ بچاؤ کرنے والے راہگیر بھی گولیوں کی زد میں آگئے جس سے بدری زمان اور شہزاد جاں بحق ہوگئے۔
افسوس ناک واقعے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت نازک ہے جن میں سے ایک زخمی کو ایل آر ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔