منی لانڈرنگ کیس: کراچی پولیس کی معطل ٹیم نے بیان ریکارڈ کروا دیا

Last Updated On 24 August,2018 07:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں کراچی پولیس کی معطل ٹیم نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ معطل سابق ایس ایچ او خالد عباسی نے ہراساں کرنے پر اے ایس پی شارع فیصل کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

سندھ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کا معاملہ، کراچی پولس میں کون سیاسی طور ہراساں کر رہا ہے؟ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔

معاملے پر معطل ہونے والی ٹیم نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ معطل ہونے والے سابق ایس ایچ او سمیت ہیڈ محرر اور دو لیڈی کانسٹیبل نے بیان ریکارڈ کروایا۔ ایس پی جمشید شمائل ملک کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں سابق ایس ایچ او خالد عباسی نے ہراساں کرنے پر اے ایس پی شارع فیصل کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

سابق ایس ایچ او کے مطابق میرے تھانے کی ٹیم کو اے ایس پی شارع فیصل نے نورین سلطان کے گھر بھیجا، اس سے قبل میری ٹیم کو نورین سلطان کے گھر جانے کا کوئی علم نہیں تھا۔

دوسری جانب معطل ہیڈ محرر لیاقت نے بھی اپنے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا کہ اے ایس پی کے حکم پر دو لیڈی کانسٹیبل کو نورین سلطان کے گھر چھوڑ کر آیا تھا جبکہ گواہوں کو ہراساں کرنے پر کراچی پولیس چیف مشتاق مہر اور ایس ایس پی سینٹرل کو بھی ہٹایا جا چکا ہے۔