امریکا بھارت مشترکہ اعلامیہ قبول نہیں: پاکستان کا دوٹوک مؤقف

Last Updated On 13 September,2018 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ امریکا بھارت مشترکہ اعلامیہ قبول نہیں، الزامات پر واشنگٹن کو تحفظات سے آگاہ کر دیا، ہندوستان کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، چین کیساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کر رہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزبریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، خنجر سیکٹر میں فائرنگ پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا چین، ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے کامیاب دورے کیے، پاکستان نے جلال آباد میں سکیورٹی مسائل کے باعث قونصل خانہ بند کیا، جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ہمیشہ کہا کہ ہندوستان کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بھارت کی طرف سے کرتار پور بارڈر پر ہمارے پاس ابھی تک کچھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئیو کے دورے کا خیر مقدم کیا، امریکی وزیر خارجہ کے دورے میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، مختلف موضوعات پر مذاکرات کا تسلسل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سعودی عرب کا دورہ پروگرام میں شامل ہے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، چین کیساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی کا تاثر مسترد کرتے ہیں، پاکستان چین کیساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کر رہا۔