اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس میں پاکستان کا مقدمہ بہت مضبوط ہے، بھارت آج تک سوالات کا جواب نہیں دے سکا، گرفتار جاسوس کے پاس حسین مبارک کا پاسپورٹ کہاں سے آیا؟
ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی تمام دہشتگرد کارروائیوں کی تفصیلات بھی عالمی عدالت انصاف میں پیش کر دی ہیں۔
ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کا انعقاد کسی صورت قبول نہیں، ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کیا گیا جبکہ یورپی یونین کے سفیر کو بھی بلا کر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں کارٹون مقابلوں کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کے لیے وزارتِ خارجہ نے اقدامات اٹھائے۔ وزیرِ خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو خط لکھا ہے تا کہ او آئی سی ممالک ہالینڈ کیساتھ مشترکہ طور پر احتجاج کریں۔ کیڈ ویلڈر کے اعلان پر ہالینڈ کے سفیر کو بھی بلا کر احتجاج کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ اور پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کی جانب سے اس کی حمایت بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ پاکستان کمیشن آف انکوائری کی مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے دورے کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔