کرتار پور بارڈر معاملے پر انڈیا سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، دفتر خارجہ

Last Updated On 20 September,2018 09:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ کرتار پور بارڈر کے حوالے سے ابھی تک سرکاری سطح پر بھارت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، پاکستان اس حوالے سے کھلا ذہن رکھتا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے بارے میں فیصلہ نہیں ہو سکا، کرتارپور بارڈر کھولنے پر دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، تاہم پاکستان اس حوالے سے کھلا ذہن رکھتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرِ خارجہ کا افغانستان کا دورہ مثبت رہا، پاک افغان مشترکہ میکانزم کا اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ جلال آباد قونصل خانہ کھولنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، امید ہے کہ سیکیورٹی کی فراہمی کے اقدامات جلد ہو جائیں گے، سیکیورٹی ملنے کے بعد قونصل خانہ کھول دیا جائے گا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان سعودی فرمانروا کی دعوت پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پر ہیں، سعودی عرب سے امدادی پیکج کے حوالے سے علم نہیں، دورے کے اختتام پر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیرِاعظم کی پاک بھارت میچ میں شرکت کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں شدت آئی ہے، بھارت نے گزشتہ ہفتے بھی کئی کشمیریوں کو شہید کیا، سوشل میڈیا پر آنے والی تصویر نے انسانی حقوق کی صورتحال بیان کر دی ہے، کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت جاری ہے، 14افراد کو قتل کر دیا گیا ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمریوں پر ظلم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہر موضوع پر ہمیشہ بات کرتے ہیں، چینی وزیرِ خارجہ کے دورہ میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات ہوئی، ملاقات کیلئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔