لاہور:(روزنامہ دنیا)کشمیر پر موقف واضح ، بس سروس کا علاقائی تنازع سے تعلق نہیں:چین
ملکی صورتحال کے باعث آج سے لاہور سے کاشغر تک چلائی جانے والی سی پیک بس سروس موخر کردی گئی ۔ لاہور سے چین کے شہر کاشغرتک نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ (این ایس ٹی ایس) کی بسیں چلیں گی جس میں مسافروں کو آرام دہ اور لگژری سفر کے ساتھ دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ نجی کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ بس سروس کے لیے بکنگ بھی ہوچکی تھی تاہم ملکی صورتحال کے باعث اب پہلی بس لاہور سے کاشغر کے لیے 5 نومبر کو روانہ ہوگی۔
لاہور سے ہفتے میں چار روز ہفتہ، اتوار، پیر اور منگل کو بس کاشغر کیلئے روانہ ہوگی جبکہ کاشغر سے لاہور کیلئے بس منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کے روز روانہ ہوگی۔لاہور سے کاشغر تک یکطرفہ کرایہ 13 ہزار روپے جبکہ لاہور سے کاشغر اور کاشغر سے لاہور دو طرفہ کرایہ 23 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ لاہور سے کاشغر کا سفر تقریباً 36 گھنٹے میں طے ہوگا اور دو روز کے اس سفر کے دوران بس 9 مقامات پر قیام کریگی ۔
دوسری طرف چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کاموقف بہت واضح ہے ،چین اورپاکستان کے درمیان بس سروس سمیت تمام تردوطرفہ تعاون کاعلاقائی تنازع سے کوئی تعلق نہیں ، اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کا ایک عظیم منصوبہ ہے ۔ یہ منصوبہ کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہے اور منصوبے سے مسئلہ کشمیر پر چین کااصولی موقف بھی متاثرنہیں ہوگا۔