قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، سپیکر نے ضوابط کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

Last Updated On 28 January,2019 06:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قوی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کا ماحول پُرامن رکھنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور آصف زرداری سمیت تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنما کمیٹی میں شامل ہیں۔ کمیٹی ایوان کے اندر اراکین کے رویے کا جائزہ لے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں پارلیمانی جماعتوں کے 13 اراکین شامل ہیں۔ شیخ رشید، طارق بشیر چیمہ، خالد مقبول صدیقی، اسد محمود، خالد مگسی، اختر مینگل، غوث بخش مہر، شاہ زین بگٹی اور امیر حیدر ہوتی بھی خصوصی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق خصوصی کمیٹی ایوان کے اندر اراکین کے رویے اور برتاؤ کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس اور عدالتوں میں زیر سماعت معاملات پر کارروائی کا مینڈیٹ حاصل نہیں ہوگا۔ کمیٹی اپنی رپورٹ سہ ماہی بنیادوں پر سپیکر کو پیش کرے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم کی آمد پر احتجاج کرتے ہوئے ن لیگ نے موقف اختیار کیا تھا کہ فواد چودھری، شیخ رشید، مراد سعید اور شہریار آفریدی ایوان کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔ ہماری قیادت پر ذاتی حملے ہوں گے تو جواب ضرور دیں گے۔ سپیکر ماحول خراب کرنے والے وزرا کے خلاف سخت ایکشن لیں۔