لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں پیشرفت، نیب نے شہباز شریف کو 9 اپریل کو طلب کرلیا۔ نیب نے طلبی نوٹس میں دستاویزات سمیت حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو اثاثہ جات کی تفصیل اور ذرائع بھی بتانا ہوں گے۔ میاں محمد شریف سے ملنے والی وراثت کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
یاد رہے نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے لاہور ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر پہنچی، ان کے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے لیکن سکیورٹی گارڈز نے نیب ٹیم کو گھر میں داخلے سے روک دیا۔ نیب ٹیم اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ لیگی کارکنوں نے گاڑیوں کا گھیراؤ کر کے نعرے بازی کی۔
نیب کی ٹیم کچھ دیر تک شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہی اور مزاحمت ہونے پر واپس چلی گئی۔ نیب اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا۔ نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب اور جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی۔ نیب کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتار ی کے وارنٹ موجود تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری سے قبل آگاہ کرنا ضروری نہیں۔
حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، نیب حمزہ شہباز کی گرفتاری عمل میں لائے گا۔ نیب کی قانونی کارروائی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا۔