اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے کئی مرتبہ بھارتی ہاتھ بے نقاب ہوا، جہاں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں وہیں سے کلبھوشن یادیو پکڑا گیا تھا۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث بیرونی ہاتھ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ ڈائیلاگ ہی افغانستان میں امن کا واحد حل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسعود اظہر سے متعلق پاکستان کسی دباؤ میں آنے کی بجائے قومی مفاد میں فیصلہ کرے گا۔ ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے پاکستان نے خاطر خواہ کام کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران 21 اپریل کو ایران کا دورہ کرینگے۔ اس دورے کے دوران دو طرفہ تمام معاملات پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم 25 اپریل کو چین جائیں گے جہاں وہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کرنے کیساتھ ساتھ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کرینگے۔