بیجنگ: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان نے بھارت کے دانت کھٹے کر دیئے، دشمن کی سب تدابیر الٹی ہو گئیں۔ پاکستان کے موثر جوابات پر بھارت کو سانپ سونگھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے محاذپر بھارت کو ایک بار پھر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارتی وفد کے بے تکے سوالات پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔
چین میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مذاکرت میں پاکستان کے بارہ رکنی وفد نے سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کی قیادت میں شرکت کی۔ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے آگاہ جبکہ کرنسی سمگلنگ روکنے کے لیے اندرونی اور بیرونی راستوں کو فعال بنانے کا پلان دیا۔
اس کے علاوہ ایف اے ٹی ایف کو مدارس اصلاحات اور کالعدم تنظمیوں کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ یونس ڈھاگا نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کو میڈیم سے ہائی رسک میں ڈال کر ان کے تمام مراکز اور دفاتر ختم جبکہ اکاؤنٹس اور اثاثے منجمند کر دئیے ہیں۔
اجلاس میں امریکا، چین، بھارت، جرمنی، برطانیہ، آسٹریلیا، ملائیشیا اور ترکی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کا چھ رکنی وفد بھی ایف اے ٹی ایف میں آیا۔
ایف اے ٹی ایف کے بھارتی شریک چیئرمین نے کئی غیر ضروری سوالات اٹھائے جن کا پاکستانی وفد نے بھرپور جواب دیا۔