اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایشیا کا ہٹلر قرار دیتے ہوئے عالمی برداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کا قتل عام رکوانے کے لیے مبصرین وادی میں بھیجے اور بھارت کے سفاکانہ اقدام کا فوری نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں نریندر مودی ایشیا کو ہٹلر قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر پاکستان کا دفاعی ہے۔ پاکستان نے مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کے لیے عالمی مبصرین بھیجنے کی اپیل بھی کی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی نسل کشی کی منصوبہ بندی کر چکا ہے۔ عالمی برداری بھارت کے سفاکانہ اقدام کا فوری نوٹس لے۔
اجلاس میں نیب سے خوفزدہ کاروباری افراد کو تحفظ دینے پر غور کیا گیا جبکہ پاک ترک سٹریٹجک اقتصادی فریم ورک اور کرسچن میرج اور طلاق بل 2019ء کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم سٹیزن پورٹل اور وزیراعظم شکایت سیل ایک دوسرے سے معلومات شیئر کرینگے جبکہ کابینہ کو گیس اور بجلی کے ای میٹرز لگانے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے کم قیمت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی کی منظوری دی جبکہ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ون ونڈو آپریشن کی بھی ہدایت کی۔
ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ دفاعی پالیسیوں میں تسلسل کے لیے کیا گیا ہے۔