اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجئیم کے ہم منصب کو فون کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ بیلجیئم نے دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجیئم کے وزیر خارجہ ڈیڈیئر رائنڈرز کو مقبوضہ وادی میں کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں یکطرفہ اقدامات اٹھائے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ بھارت نے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی مخدوش صورتحال سے نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی رہا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ منفی طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔
بیلجیم کے وزیر خارجہ نے دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا اور فریقین سے بات کرکے اپنا سہولت کارانہ کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔