کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے سیاسی حریف ایک ہوگئے

Last Updated On 06 September,2019 11:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی ملاقات، فیصل واوڈا کہتے ہیں کراچی کے مسائل پر سیاست کی گئی جبکہ ناصر حسین نے کہا مسائل کے حل کے لیے ساتھ ہیں، شوقین پھلجھڑیاں پھوڑتے رہیں، 2023 تک سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئےسیاسی مخالفین متحد ہوگئے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے دفتر پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے بلدیہ میں پانی کی کمی اور سیوریج کے نظام کی خستہ حالی پر تبادلہ خیال کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کراچی کو مل کر صاف کرنا پڑے گا۔ شہر کے مسائل پر سیاست کی گئی۔ دوسری جانب وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کراچی میں سیوریج اور دیگر مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں۔ مرکز کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ مراد علی شاہ 2023ء تک وزیراعلیٰ رہیں گے۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں جلد ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔