اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ اور بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری، وفاقی حکومت نے بلوچستان اور سندھ کے کوٹے پر خالی تمام آسامیاں پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو خالی آسامیاں پر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ تمام وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے لیے مخصوص نشستوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کیا جائے اور وزارتوں کے ذیلی اداروں میں صوبائی کوٹے پر بھرتیوں کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔
سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ ریکروٹمنٹ رولز کے تحت مروجہ طریقہ کار کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے کوٹے کی خالی آسامیاں پر کی جائیں اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ حکومتی گائیڈ لائنز کے مطابق کوٹے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے یا نہیں؟
تمام وزارتوں کو اس بات کی بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بلوچستان کے کوٹے پر بھرتی ہونے والوں سے ڈومیسائل کی جانچ پڑتال بھی کی جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بلوچستان کے کوٹے والے کے پاس متعلقہ صوبے کا ڈومیسائل موجودہ ہو۔