اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ پانچویں روز کراچی سے اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مقامی قیادت نے شہر شہر استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان بھی جگہ جگہ کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
آزادی مارچ کا کراچی سے اسلام آباد تک کا ساڑھے چودہ سو کلومیٹر کا طویل فاصلہ پانچ روز میں طے ہوا۔ مرکزی قافلہ جے یو آئی (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اتوار کی سہ پہر تین بجے شہر قائد سے اپنی
منزل کی جانب روانہ ہوا۔
کراچی سے چلا قافلہ حیدر آباد، مٹیاری، نوابشاہ، نوشہرو فیروز اور خیر پور سے ہوتا ہوا سکھر پہنچا جہاں پہلی رات پڑاؤ کیا۔ پیر کی صبح کاررواں سکھر سے گھوٹکی، صادق آباد، رحیم یار خان اور اوچ شریف سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا۔
منگل کو قافلے نے ملتان سے خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ اور پتوکی سے لاہور کا رخ کیا۔ رات بسر کرنے کے بعد صبح قافلہ منزل کی طرف گامزن ہوا۔
زندہ دلان شہر سے قافلہ مرید کے، گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم اور گوجر خان پہنچا جہاں رات قیام کی۔ آزادی مارچ کے شرکا نے بھی مختلف انداز اپنائے کسی نے سیلفی بنائی تو کوئی کرین پر چڑھ کر شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا نظر آیا۔ جے یو آئی قیادت کنٹینر پر موجود رہی اور صلاح مشورے بھی ہوتے رہے۔