ریلوے حکام کی لاپرواہی، سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، تمام مسافر محفوظ

Last Updated On 01 November,2019 02:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے حکام کی لاپرواہی کے سبب سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 بوگیوں میں آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد بھی ریلوے حکام کی آنکھیں نہ کھلیں، شکار پور کے قریب سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا کر مسافروں کو ریسکیو کیا۔

پولیس کے مطابق آگ لوڈرا کے قریب شارٹ سرکٹ کے سبب بوگیوں کے درمیان ربڑ کے پائیدان کو لگی جس نے بعد ازاں دونوں بوگیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ریلوے حکام نے بروقت اطلاع ملنے پر ٹرین روکی اور آگ سے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا۔ آگ بجھانے کے بعد ٹرین کو منزل روانہ کر دیا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد جا رہی تھی۔

ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق آگ لگنے کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے، جو آتشزدگی کے اسباب کا جائزہ لے کر کل تک رپورٹ جمع کروائے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق پہلے کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا، تخریبی عنصر کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔