پشاور: (دنیا نیوز) سوات اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ لوگ خوف کے باعث کملہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4، گہرائی 30 کلومیٹر جبکہ مرکز پاک افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سوات اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس
یاد رہے کہ یہ سوات اور اس کے گردونواح میں ایک ماہ میں آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل رواں ماہ کی 3 تاریخ کو بھی وہاں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
تین جنوری کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کا مرکز پاک، افغانستان اور تاجکستان کا ہی سرحدی علاقہ تھا، اس کی گہرائی 20 کلومیٹر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 2019ء کا شدید ترین زلزلہ، پورا ملک لرز اٹھا، لاہور میں بچے سمیت 3 زخمی
اس سے قبل گزشتہ سال 20 دسمبر کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا۔ پاکستان بھر میں آنے والا حالیہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ پاکستان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان ہی نہیں، دنیا کے کئی ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گوئٹے مالا اور تاجکستان میں 4.5، فرانس میں 2.8، چلی میں 4، جاپان میں، 4.3، انڈونیشیا کے جزیرے سلاویسی میں 4.5 ریکارڈ، آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں 2.4، جنوبی یونان میں 3.3 اور شمالی ایران میں 3.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش جبکہ گہرائی 200 کلومیٹر زیر زمین تھی۔