اسلام آباد: (دنیا نیوز) فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے اور خطرے کے پیش نظر حکومت نے ملک میں قومی ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زراعت اور کسانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری دیتے ہوئے ملک میں قومی ایمرجنسی کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کے خطرات اور اس کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ٹڈی دل کے تدارک کے لئے وفاق کی سطح پر اقدامات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
پلان کے تحت وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر ذمہ داریوں کا تعین جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی ٹاسک سونپ دئیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زراعت اور کسانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ٹڈی دل کے نقصانات کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔