لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کا انٹرسٹی بسوں کے کرائے بڑھانے کا فیصلہ، نان اے سی بسوں کا کرایہ 15 فیصد بڑھانے کی سمری کابینہ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے انٹرسٹی بسوں کے کرائے بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ نان اے سی بسوں کے کرائے بڑھانے کیلئے سمری کابینہ کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہے۔
سمری میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں، کرائے بھی بڑھائے جائیں۔ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی نان اے سی بسوں کا کرایہ 15 فیصد کم ہوا تھا۔
دنیا نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ نان اے سی بسوں کا کرایہ 15 فیصد بڑھانے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ منظوری کے بعد کرایوں میں اضافے کا تعین ہو گا۔