لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 اکتوبر کو میٹرو اورنج ٹرین کو عوام کے لیے چلا دیا جائے گا۔
ٹرین کے پہلے سفر کا آغاز ڈیرہ گجراں سے ہوگا۔ یکم اکتوبر تک اورنج ٹرین کو چلانے کے سٹاف کی ٹریننگ مکمل ہو گی۔ اورنج ٹرین کے تین ماہ کا ٹیسٹ رن مکمل کیا جا چکا ہے۔ 15 ستمبر کو ٹرین کو تعمیراتی کام کے بعد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور چیمبر آفس کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عرفان اقبال کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں صنعتکاروں او رتاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے۔ مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے۔
عثمان بزدار نے اس موقع پر بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ٹیسٹ رن مکمل ہو چکا ہے۔ اسے جلد چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مفاد عامہ کے ہر منصوبے پر کام جاری رہے گا۔ سابق حکومت نے اپنے دور میں مفاد عامہ کے کئی منصوبوں پر کام روکا۔ پنجاب اسمبلی کی عمارت پر بھی 10 برس کوئی کام نہیں ہوا۔ ہم نے اس منصوبے پر کام شروع کیا۔