جنوبی بلوچستان میں سی پیک سے متعلقہ منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے: عاصم سلیم باجوہ

Last Updated On 08 August,2020 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ جنوبی بلوچستان میں سی پیک سے متعلقہ منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں سی پیک اتھارٹی کے چیئر مین عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ خضدار تا بسما 110 کلومیٹر طویل دو روئیہ سڑک پر کام بھرپور انداز میں جاری ہے، این 30 شاہراہ پر کام اکتوبر 2019ء میں شروع ہوا۔ این 30 شاہراہ کی تعمیر پر 19 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ شاہراہ کا 20 فیصد کام مکمل کرلیا گیا، یہ شاہراہ خضدار کو این 85 سے منسلک کردے گی، منصوبے کی 2021ء میں تکمیل سے گوادر تک رسائی مزید آسان ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان خطے کے حالات سے فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

اس سے قبل عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ مٹیاری سے لاہور 660 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا، 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوگی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن سے متعلق کہا تھا کہ 660 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن پر 85 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، نارتھ ساؤتھ ترسیل کیلئے ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن 886 کلومیٹر طویل ہے جس سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر ایک عشاریہ 6 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جس سے 2 ہزار 212 افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عاصم سلیم باجوہ نے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جس میں منصوبے کے معاشی ثمرات پاکستان کے عوام تک پہنچائے جائیں گے، گوادر اور بلوچستان میں غیرمعمولی اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ان میں مقامی افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

جنرل عاصم سلیم باجوہ جو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برئے اطلاعات بھی ہیں، نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’گوارد بندرگاہ اورفری اقتصادی زون کا بلوچستان اور خطے کی مربوطی میں کردار‘ کے زیر عنوان آن لائن مکالمے کی صدارت کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  مٹیاری سے لاہور 660 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن پر کام آخری مراحل میں داخل 

جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ یہ تاثر قطعی طور پر بے بنیاد ہے کہ سی پیک منصوبہ سست روی کا شکار ہے، اس کے برعکس منصوبے کے تحت شروع ہونے والی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا رجحان اب گوادر کی جانب ہو رہا ہے، گوادر کی بندرگاہ اور ایئرپورٹ اب مکمل طور پر کھول دیے گئے ہیں اور گوادر ڈسٹرکٹ اقتصادی زون کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔
 

Advertisement