سکھر: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ میری نافرمان اولاد باپ کے قتل کرنے کی سازشوں میں ملوث ہے۔ اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے اپنی پہلی بیوی اور اولاد کے ساتھ لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پوری زندگی عزت کے ساتھ گزاری، باقی بھی عزت سے گزارنا چاہتا ہوں۔
ایک اہم پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ میرے بیٹے میرے نقش قدم پر چلیں، مگر ایسا نہیں ہوا۔ بڑے بیٹے کو زمین اور فلیٹس دیے، چھوٹا بیٹا میرے سمجھانے کے بعد اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے کر آگیا لیکن اپنی ماں اور میری اجازت کے بغیر زمین فروخت کی۔
غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے پراپرٹی سے جو حصہ دینا تھا، وہ حصہ دے چکا ہوں۔ میری بقایا پراپرٹی کو میری نافرمان اولاد فروخت کرنے کی کوشش میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری اولاد گھر سے چوری کروانے میں بھی ملوث رہے ہے ہیں اور اب میری دوسری بیوی، مجھے اور میرے بیٹے کو قتل کرنے کی سازشیں کر رہے ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ لینے میں مجھے ایک سال سے زیادہ عرصہ لگا۔ میں اب اپنی پہلی بیگم کی اولاد، چھوٹی بیٹی اور اس کی اولاد کو اپنے آپ سے جدا کر رہا ہوں۔