لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کو افسروں کی شدید قلت کا سامنا ہے، سترہویں سے بائیسویں گریڈ تک کی ایک ہزار 302 پوسٹوں پر 460 افسران کی کمی ہے، جس سے محکمانہ امور شدید متاثر ہونے لگے۔
پنجاب پولیس میں ایک انسپکٹر جنرل آف پولیس، 18 ایڈیشنل آئی جی، 42 ڈی آئی جی کی پوسٹیں ہیں۔ 93 ایس ایس پیز، 250 ایس پیز اور 800 ڈی ایس پیز کی سیٹیں شامل ہیں۔ 1302 نشستوں میں سے 18 ایڈیشنل آئی جی کے بجائے 12 افسران تعینات ہیں، صرف ڈی آئی جی کے عہدے پر تمام 42 افسران فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی کی 93 پوسٹوں میں سے صرف 42 افسران موجود جبکہ 51 افسران کی کمی ہے۔ ایس پیز کی 250 سیٹوں میں سے 184 افسران تعینات اور 66 کی کمی کا سامنا ہے۔ ڈی ایس پیزکی 800 سیٹوں میں سے 337 افسران کی قلت ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت میں صوبہ پنجاب کی پولیس ہر وقت ہی خبروں میں ہے۔ اس کی بڑی وجہ گزشتہ 2 برسوں میں 6 آئی جی کا تبدیل ہونا ہے۔ پنجاب میں افسران کی کمی کی سب سے بڑی وجہ پروموشن بورڈ کا تاخیر سے ہونا ہے۔
حکومت کا افسران فراہم نہ کرنا اور افسران کی پنجاب میں عدم دلچسپی لینا بھی بڑی وجہ ہے، کئی افسران پنجاب آنے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق افسران کی کمی کی وجہ سے پولیس کے معاملات نہ صرف خراب ہو رہے ہیں بلکہ عوام کو بھی اس کمی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔