کراچی: (دنیا نیوز) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ یکم فروری سےتمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، امتحانات جلد بازی میں نہ کرانے پر سٹیئرنگ کمیٹی ارکان میں اتفاق موجود ہے، رواں سال بغیر امتحان بچوں کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کی رفتار بڑھائی جائے گی، پہلے سے طے ہے ہر جماعت کے 50 فیصد طلبا سکول آئیں گے۔ کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے چاہے امتحانات کوری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے۔
قبل ازیں وزیر تعلیم سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری کالجز سندھ،اسکول ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور دیگرشریک ہوئے۔ اجلاس میں یکم فروری سے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کھولنے کے حوالے سےگفتگو ہوئٰی ۔ وزیر تعلیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں غیرمعمولی حالات کو مدنظر رکھ کر غیرمعمولی فیصلے کرنے ہوں گے، کورونا کے باعث سب متاثرہوا،شیڈول کے مطابق آنے میں وقت لگے گا، نئے تعلیمی سال کے حوالے سے بھی حالات کو دیکھ کر ہمیں پلان کرنا ہوگا۔ امتحانات کے شیڈول اور سلیبس کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔