وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس، میری ٹائم مشق امن 21 کے انتظامات سے متعلق فیصلے

Published On 22 January,2021 01:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت میری ٹائم مشق امن 21 سے متعلق اجلاس ہوا جس میں 11 سے 16 فروری تک ہونے والی مشقوں کے دوران کراچی میں صفائی اور دیگر انتظامات پر فیصلے کئے گئے۔

 کراچی میں امن 21 مشقیں فروری 11 سے 16 تک منعقد ہوں گی۔ اجلاس میں سکیورٹی، وفود کے دورے، پروٹوکول کا تعین کیا گیا۔ چیف سیکریٹری، کمانڈر کراچی وی اے فیصل لودھی، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈمنسٹریٹر، رینجرز حکام اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں مشقوں کے دوران شہر کو صاف رکھنے اور سڑکوں پر جاری پیوند کاری کا کام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہر میں وفود کو خوش آمدید کرنے کے لیے نیون سائن لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی این ڈاکیارڈ، کیماڑی، کارساز،کلفٹن کو خوبصورت رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نیوی امن 21 ایکسرسائزز کی میزبانی کرے گی۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ دنیا کی چند مشقوں میں امریکا، روس، چین اور برطانیہ کے شپس حصہ لیتے ہیں، ان مشقوں میں 46 ممالک حصہ لیں گے جو سندھ حکومت کیلئے بھی فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں سے پاکستان کا مثبت امیج عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ پاک نیوی کا شمار دنیا کی چند بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔
 

Advertisement