ڈینیل پرل کیس :وفاق کاسندھ حکومت کی نظرثانی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ

Published On 30 January,2021 07:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈینیل پرل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف وفاق نے سندھ حکومت کی نظرثانی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ڈینیل پرل قتل کے 4 ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا، ملزمان میں احمد عمر شیخ، فہد نسیم، سلمان ثاقب اور محمد عادل شامل ہیں۔

اسی حوالے سے ڈینیل پرل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ حکومت کی اپیل کے بعد وفاق نے صوبائی حکومت کی نظرثانی اپیل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اٹارنی جنرل آفس نے نظرثانی اپیل میں فریق بننے کی تصدیق کر دی ہے۔

ترجمان اٹارنی جنرل کے مطابق وفاقی حکومت جلد فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرے گی، وفاقی حکومت نظرثانی اپیل کیلئے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے بھی درخواست دائر کرے گی، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر انصاف کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔