اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں حکومت کی جانب سے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کی کوئی حکومتی آفر نہیں ہوئی۔
مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیساتھ ملاقات میں ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جسے تسلیم ہی نہیں کرتے، اُس حکومت کی آفر کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے پاس تمام پارٹیوں کے ممبران بیٹھے تھے، میٹنگ کے دوران کوئی گفتگو نہیں ہوئی، تاہم میٹنگ کے بعد پرویز خٹک نے گفتگو میڈیا کے سامنے کی۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومتی وزیر کی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے، ہم اس کے پابند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے۔ حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔