کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، این سی او سی کا تشویش کا اظہار

Published On 02 April,2021 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ماسک پہننے، سماجی فاصلوں اور تجارتی مراکز میں کاروباری اوقات کار پر عملدرآمد نہ ہونے پر اور بچوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔

ویکسین کی خریداری اور صوبوں کو تقسیم کے عمل پر این سی او سی کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ سائنو فارم کی 10 لاکھ خوراکیں صوبوں کو تقسیم کر دی گئی ہیں۔

این سی او سی نے صوبوں کو این سی او سی کی جانب سے ویکسینشنز کے حوالے سے دئیے گئے ٹارگٹس پورے کرنے کی ہدایات کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے شہری سینئر کسی بھی قریبی ویکسینشن سینٹر میں واک اِن کرتے ہوئے حفاظتی ٹیکے لگوا سکتے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے عوام پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وبا کی تیسری لہر سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی شدید وبا نے پورے خطے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور ہم ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے اسے کم کرسکتے ہیں۔

اسد عمر نے عوام کو ماسک پہننے، رش والی جگہوں سے دور رہنے، ہاتھ دھونے اور انتہائی مجبوری کی صورت میں سفر کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 83 اموات ہوئیں جن میں سے 26 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 234 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 70 فیصد,لاہور میں 67 فیصد،گوجرانوالہ میں 60 فیصد اور اسلام آباد میں 50 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 87 فیصد،سوات میں 100 فیصد،گجرات میں 73 فیصد اور گوجرانوالہ میں 85 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 8 ہزار 913, پنجاب میں 23 ہزار 39، خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 574، اسلام آباد میں 7 ہزار 872، بلوچستان میں 590،گلگت بلتستان میں 272،

آزاد کشمیر میں 910 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 205 ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 421 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 56 ہزار 347 ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 12 ہزار 984, بلوچستان میں 19 ہزار 610, گلگت بلتستان میں 5 ہزار 45، اسلام آباد میں 59 ہزار 401, خیبر پختونخوا میں 89 ہزار 255، پنجاب میں 2 لاکھ 25 ہزار 953 اور سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 917 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 613 ہے جن میں سے سندھ میں 4 ہزار 504 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 6 ہزار 485 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 51 مریض ہسپتالوں میں اور 7 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 382

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 572 اموات،بلوچستان میں 209 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1 مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا، گلگت بلتستان میں 103 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 358 اموات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 1 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 631 ہسپتالوں میں 3 ہزار 993 مریض زیر علاج ہیں۔

 

Advertisement