اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری پرتشدد کارروائیوں اور تشویشناک اقدامات کی مذمت ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اس اقدام کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی کارروائیوں میں نماز کے لئے آنے والے افراد کو ہراساں کرنا بے گناہ فلسطینیوں کی گرفتاری اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی دیگر پابندیاں شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے شروع ہوتے ہی ان غیر قانونی اقدامات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پاکستان فلسطینیوں کی غیر جانبدارانہ حق خود ارادیت کی دو ٹوک حمایت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف پر مبنی اور پائیدار امن کے لئے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل نا گزیر ہے جن میں 1967ء سے پہلے کی سرحد اور القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا گیا ہے۔