کراچی میں بریک ڈاؤن کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی

Published On 23 May,2021 01:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گزشتہ روز کے بریک ڈاؤن کے بعد اب بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہوچکی ہے، متعدد علاقوں میں مقامی فالٹس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہے، ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کراچی کے تمام رہائشی اور کمرشل فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال ہوچکی ہے۔

شہرِ قائد میں گزشتہ روز دوپہر ایک بجے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے آدھا شہر کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہا تھا جبکہ کئی علاقوں میں رات تک بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی تھی جن میں رفاعِ عام سوسائٹی، ملیر پندرہ، پاپوش نگر، کیماڑی، ماڈل کالونی،بلدیہ اتحاد ٹاون، اورنگی شانتی نگر ،شاہ فیصل کالونی، معین آباد، گلزار ہجری، کھوکھرا پار اورسعود آباد سمیت دیگر علاقے شامل تھے لیکن رات گئے اور صبح کے اوقات میں ان علاقوں میں بھی بجلی بحال کردی گئی۔

اُدھر ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ملیر، لیاری، ماڑی پور اور ہاکس بے سمیت بلدیہ اور یوسف گوٹھ میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، گزشتہ روز کراچی واٹر بورڈ کے دھابیجی، گھارو سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز پر بھی بجلی کا بریک ڈاؤن رہا جس کے باعث کراچی کو 75 ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا، ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہریوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
 

Advertisement