اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، 10 جون تک اساتذہ کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں ایس او پیز عمل درآمد اور ویکسینیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ملک بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تاہم سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ یو اے ای سے آنے والے مسافروں کو مخصوص لیبارٹریز کا کورونا منفی ٹیسٹ لازمی لانا ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ فیصلہ مسافروں کی جانب سے جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹس جمع کروانے کے بعد کیا گیا۔ مثبت کورونا رپورٹ کی صورت میں قرنطینہ کا مربوط نظام بنایا گیا ہے۔
این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے ریسٹورنٹس میں یکم جون سے 50 سال سے زائد سیاحوں کا بغیر ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ رہنا ممنوع قرار دیدیا گیا۔ یکم جولائی سے 30 سال سے زائد عمر سیاحوں کے لیے بھی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی سیکٹر میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اساتذہ کی 10 جون تک ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی۔ 18 سال سے زائد عمر اساتذہ کو ملک بھر میں واک ان ویکسینیشن کی سہولت فراہم کر دی گئی یے، 10ویں اور بارہویں جماعتوں کے لیے امتحانات بالترتیب 23 جون سے 29 جولائی تک ہونگے، امتحانات کی تیاری کے لیے صوبے 10ویں اور بارہویں کی کلاسز کا آغاز 31 مئی سے کرسکتے ہیں، 5 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں پارکس، تفریحی مقامات اور سوئمنگ پول 30 مئی سے کھل سکیں گے۔