پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 24 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق ابوظہبی سے آنیوالی پرواز میں 24 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، پرواز میں 128 مسافر پشاور ائر پورٹ پہنچے تھے۔ ایئر پورٹ پر مسافروں کی ریپیڈ سکریننگ کی گئی جس کے دوران 24 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، مسافروں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 76 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 529 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 434 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 303 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 43 ہزار 252، سندھ میں 3 لاکھ 25 ہزار 738، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 35 ہزار 162، بلوچستان میں 26 ہزار 52، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 674، اسلام آباد میں 81 ہزار 933 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 623 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 37 لاکھ 5 ہزار 490 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 824 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 71 ہزار 669 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 967 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 76 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 529 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 436، سندھ میں 5 ہزار 183، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 185، اسلام آباد میں 768، بلوچستان میں 291، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 559 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔