پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے مسلم ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔
پشاور ہائیکورٹ میں لیگی صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کی نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کےلیے ضمانت قبل از گرفتاری درخواست کی سماعت جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس ناصر محفوظ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی، درخواست گزارکے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کچھ مزید دستاویزات جمع کرنا چاہتے ہیں مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے وکیل صفائی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔
ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ کونسی چوری کی ہے کسی کو معلوم نہیں، بڑے بڑے چور، شوگر مافیا اور دوسرے چور باہر پھر رہے ہیں اور ہمیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مطابق سب کچھ بہتر ہوا تو پھر پٹرول ، روٹی، ادویات اور دوسری چیزیں مہنگی کیوں ہو رہی ہیں۔ پاکستانی قوم کے حالات دن بہ دن بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں جعلی حکمران اپنے ہی جعلی بجٹ کی کاپیاں پھینک رہے ہیں، موجودہ حکومت نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔