اسلام آباد: (دنیا نیوز) کینیڈین حکام نے پاکستانی ایئر لائن (پی آئی اے) کے وضع کردہ ایس او پیز سے مطمئن ہونے کے بعد اسے براہ راست پروازوں کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو پاکستان سے کینیڈا کے لیے دوبارہ براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے پہلے مرحلے میں کینیڈا کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں اتوار سے شروع کرے گی۔ قومی ایئرلائن کو کینیڈین حکام کی جانب دوبارہ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایات موصول ہوگئی ہیں۔
دوسرے مرحلے میں پاکستان سے کینیڈا کا آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔ پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی پروازوں کے لیے بکنگ کھول دی گئی ہے اور لوگ بآسانی نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ کینیڈٰین حکام نے پروازیں کووڈ 19 کی پابندیوں کے باعث صرف کارگو تک محدود کر دی تھیں۔ 22 جون سے پی آئی اے کی پرواز براہ راست مسافر لے کر کینیڈا جا سکے گی۔