غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بنانے میں ہر ممکن تعاون کرینگے: چیئرمین نادرا

Published On 07 July,2021 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو غلطیوں سے پاک اور شفاف انتخابی فہرستیں بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پاکستان الیکشن کمیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طارق ملک نے کہا کہ 10 فیصد غیر رجسٹرڈ خواتین کا فرق ختم کرنے کے لئے نادرا ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام نادرا رجسٹریشن دفاتر میں جمعہ کے دن کو خواتین کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ جمعہ کے دن کو مختص کردہ 258 نادرا دفاتر میں صرف خواتین کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو رجسٹریشن میں پہلا شناختی کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا۔ ملک بھر میں موجود 688 نادرا رجسٹریشن دفاتر میں خواتین کے لئے ایک ون ونڈو کاؤنٹر قائم کئے جائے گا۔

طارق ملک کا کہنا تھا کہ خواتین کی رجسٹریشن میں نقل وحرکت کے مسائل کے پیش نظر نادرا موبائل رجسٹریشن وینز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ دور دراز علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے خواتین کو ان کی دہلیز پر رجسٹر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سماجی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کی رجسٹریشن کو بڑھانے کے لئے خواتین عملے پر مبنی نادرا کے دفاتر بنائے جائیں گے۔

چیئرمین نادرا نے اعلان کیا کہ ترجیحی بنیادوں پر خواتین کو نوکریاں دی جائیں گی۔ روزگار کی فراہمی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس وقت ملک بھر کے 154 اضلاع کی 430 تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم ہیں، مزید 66 تحصیلوں میں 14 اگست تک نئے نادرا دفاتر بھی کھول دیئے جائیں گے، بقیہ ماندہ تحصیلوں میں بھی عنقریب نادرا دفاتر کھولے جائیں گے۔
 

Advertisement