انتخابی عمل میں تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں، چیف الیکشن کمشنر

Published On 07 July,2021 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے آئین پر عمل کرتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقات کو برابری کے حقوق فراہم کرنے کے اصول پر کاربند ہے، انتخابی عمل میں تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

خواتین کے قومی شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن مہم الیکشن کمیشن نادرا کی مشترکہ کے چوتھے مرحلے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خواتین شناختی کارڈ اور ووٹررجسٹریشن مہم کے چوتھے مرحلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب میں ممبرز الیکشن کمیشن، چیئرمین نادرا ،سیکرٹری الیکشن کمیشن ، الیکشن کمیشن کے افسران اور الیکشن کمیشن کےعملی شراکت دار اداروں کےارکان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 پر عمل کرتے ہوئے معاثرے کے تمام طبقات کو برابری کے حقوق فراہم کرنے کے اصول پر کار بند ہے اور انتخابی عمل میں تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ آج کی تقریب اس امر کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خواتین کی سیاسی عمل میں شرکت بڑھانے کے لئے عمل پیرا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس سلسلے میں نادرا، سول سوسائٹی الیکشن کمیشن کے شراکت دار اداروں اور میڈیا کی کوششوں کوسراہا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اسٹرٹیجک پلان کے تحت ووٹر لسٹوں میں مر د وخواتین ووٹرز میں فر ق ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خواتین شناختی کارڈ اور ووٹرز رجسٹریشن کی مہم کے لئے پہلے تین مرحلوں کے نتیجے میں خواتین شناختی کارڈ رجسٹریشن میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں اپریل 2021ء میں شائع ہوئی انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور یہ فرق اکتوبر 2020ء کے 12.41 ملین کے مقابلے میں کم ہو کر اپریل 2021ء میں 12.37 ہو گیا۔

مہم کا چوتھا مرحلہ انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق کم کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
 

Advertisement